150

کرکٹ تنازع بھارت کیخلاف آواز اٹھانے کا وقت آگیا ہے : اعصام الحق

پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق نے کہا ہے کہ بھارت سمجھتا ہے کہ کرکٹ نہ کھیل کر پاکستان کو نقصان پہنچا سکتا ہے، اس لیے اب کھل کر موقف اختیار کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت یکطرفہ طور پر کھیل پر غلبہ حاصل کرنا چاہتا ہے، جس کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔

اعصام الحق نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ بھارت کو کھیل کی دعوت دی، لیکن بھارت نے خود پاکستان آنے سے گریز کیا۔ انہوں نے ڈیوس کپ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ چھ سال قبل بھی بھارت نے پاکستان کے خلاف بائیکاٹ کیا تھا، لیکن پاکستان ٹینس فیڈریشن نے قانونی جنگ لڑی جس کے بعد بھارتی ٹیم پاکستان آئی۔

ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ تنازعات کے اثرات دیگر کھیلوں پر بھی پڑتے ہیں، بھارتی کھلاڑی ویزا مسائل کی وجہ سے پاکستان نہیں جا سکتے، جبکہ جب بھی بھارتی کھلاڑی پاکستان آئے، انہوں نے یہاں کے ماحول کو محفوظ اور خوشگوار پایا۔

اعصام الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اصولی فیصلوں سے اخلاقی فتح حاصل ہوتی ہے، چاہے پاکستان ورلڈ کپ جیتے یا نہ جیتے، اور بھارت کو یکطرفہ بائیکاٹ کی پالیسی کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔