165

ملتان سلطانز کی نیلامی کے عمل میں نمایاں پیشرفت

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کی نیلامی کے لیے 6 درخواستیں موصول ہو گئی ہیں، جبکہ پی ایس ایل مینجمنٹ نے باضابطہ طور پر 6 بڈز کی وصولی کی تصدیق کر دی ہے۔

 

پی سی بی کے مطابق موصول ہونے والی تمام درخواستوں کا تکنیکی جائزہ جاری ہے، جس کے بعد ملتان سلطانز کی نیلامی سے متعلق حتمی تاریخ کا جلد اعلان کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ پی سی بی نے 14 جنوری کو ملتان سلطانز کی نیلامی کا اشتہار جاری کیا تھا۔

دوسری جانب ملتان سلطانز کی دوبارہ فروخت کے اعلان پر فرنچائز کے سابق مالک علی ترین کا ردِعمل سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر رہا ہے۔

علی ترین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر ایک طنزیہ پوسٹ شیئر کی، جس میں وہ جمنگ کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ تصویر کے ساتھ انہوں نے لکھا:
"جب آپ کو پتہ چلے کہ آپ کی ایکس دوبارہ شادی کر رہی ہے"۔

سوشل میڈیا صارفین نے علی ترین کے اس پیغام کو ملتان سلطانز کی دوبارہ فروخت سے جوڑتے ہوئے مزاحیہ، علامتی اور گہرا طنز قرار دیا۔ پوسٹ سامنے آتے ہی تبصروں اور ری ایکشنز کا سلسلہ شروع ہو گیا، جہاں مداحوں نے مختلف انداز میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔