105

علینہ عامر نے نازیبا ویڈیو کو جعلی اور ڈیپ فیک قرار دے دیا

مشہور ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر علینہ عامر نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مبینہ نازیبا ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے اسے مکمل طور پر جعلی اور ڈیپ فیک ٹیکنالوجی سے تیار کردہ قرار دے دیا ہے۔

علینہ عامر نے انسٹاگرام پر جاری وضاحتی بیان میں کہا کہ وائرل ویڈیو کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں اور یہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تیار کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدا میں انہوں نے معاملے کو نظر انداز کرنے کا فیصلہ کیا کیونکہ وہ ذاتی طور پر ذہنی دباؤ کا شکار نہیں تھیں، تاہم جب انہوں نے دیکھا کہ ویڈیو بار بار مختلف پلیٹ فارمز پر شیئر کی جا رہی ہے تو وضاحت دینا ضروری سمجھا۔

انہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ کسی بھی ویڈیو یا خبر کو شیئر کرنے سے قبل اس کی تصدیق ضرور کریں۔ علینہ عامر کے مطابق بعض عناصر دوسروں کو بدنام کرنے کے لیے جعلی مواد تیار کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے، اس لیے ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنا ناگزیر ہے۔

علینہ عامر نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے بھی مطالبہ کیا کہ ڈیپ فیک ویڈیوز بنانے اور پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ خصوصاً خواتین کو اس قسم کے سائبر جرائم سے تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید اعلان کیا کہ جعلی ویڈیو بنانے یا پھیلانے والوں کے بارے میں مستند معلومات فراہم کرنے والے شخص کو نقد انعام دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد نہ صرف ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہے بلکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی حوصلہ شکنی بھی کرنا ہے۔

علینہ عامر کا کہنا تھا کہ ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کا غلط استعمال ایک سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے جس پر فوری توجہ اور مؤثر قانون سازی کی ضرورت ہے۔