47

میانوالی: دہشت گردی کی بڑی سازش ناکام، 6 دہشت گرد ہلاک، 8 فرار

میانوالی کے علاقے چاپڑی ڈیم کے قریب سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے دوران 6 دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے جبکہ 8 فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی انٹیلی جنس بیسڈ تھی اور دہشت گرد پہلے سے پولیس اور دیگر اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کر چکے تھے۔

واقعے کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے ایک خودکش جیکٹ، ایک دستی بم اور دیگر بارودی مواد بھی برآمد ہوا۔ حکام کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی کے باعث بڑے نقصان اور جانی خطرے سے بچاؤ ممکن ہوا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے میانوالی میں دہشت گردی کی کارروائی ناکام بنانے پر سی ٹی ڈی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ملک کو دہشت گردی کے عفریت سے پاک کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری ہر صورت پوری کی جائے گی۔