132

خیبرپختونخوا میں نیپا وائرس پھیلنے کا خدشہ

محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے صوبے میں نیپا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے تمام اضلاع کے مراکز صحت کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

پشاور سے جاری بیان کے مطابق نپا وائرس ایک تیزی سے پھیلنے والی اورخطرناک بیماری ہے جس کی بروقت تشخیص اور فوری اقدامات نہایت ضروری ہیں۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ وائرس کی جلد شناخت کے لیے صوبے کے تمام ائیرپورٹس پر مسافروں کی اسکریننگ کا مؤثر نظام قائم کیا جائے گا تاکہ بیرون ملک سے آنے والے مشتبہ افراد کی فوری جانچ ممکن ہو سکے۔

محکمہ صحت کے مطابق نیپا وائرس سے متاثرہ یا مشتبہ مریضوں کیلئے آئسولیشن وارڈز کے انتظامات کیے جائیں گے اور تمام ضلعی و تحصیل سطح کے اسپتالوں کو مکمل تیاری رکھنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ وائرس کی تشخیص کے لیے نمونوں کو ٹیسٹنگ لیبارٹریز تک بروقت منتقل کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

ایڈوائزری میں نیپا وائرس کی ابتدائی علامات بخار، شدید سر درد، بے ہوشی، متلی اوراعصابی پیچیدگیوں کو قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ صحت نے واضح کیا ہے کہ اس وائرس کا تاحال کوئی باقاعدہ علاج موجود نہیں، اس لئے شہری احتیاطی تدابیر اختیارکریں، غیرضروری میل جول سے گریز کریں اور کسی بھی مشتبہ علامت کی صورت میں فوری طور پرقریبی مرکز صحت سے رجوع کریں۔