پاکستان کے معروف گلوکار ساحر علی بگا نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے کیرئیر سے متعلق جلد بڑا فیصلہ کرنے والے ہیں۔ انہوں نے یہ بات اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی اسٹوری کے ذریعے مداحوں کو بتائی۔
ساحر علی بگا کی یہ پوسٹ بھارتی گلوکار اریجیت سنگھ کے فلمی پلے بیک میوزک سے کنارہ کشی کے اعلان کے بعد سامنے آئی ہے۔ گلوکار نے اسٹوری میں لکھا کہ اریجیت سنگھ نے موسیقی نہیں چھوڑی بلکہ آزادی کا انتخاب کیا، کیونکہ ایک حقیقی فنکار کبھی دستبردار نہیں ہوتا بلکہ آہستہ آہستہ بہتری کی طرف بڑھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "جب کوئی انڈسٹری کی تعمیر کے لیے برسوں محنت کرتا ہے اور وہی انڈسٹری اس کا دل توڑ دیتی ہے، تو یہ مشکل ضرور ہوتا ہے، لیکن ضروری فیصلے کرنے ہوتے ہیں۔"
ساحر علی بگا نے اپنے اسٹوری میں اعلان کیا کہ وہ بھی جلد کوئی اہم فیصلہ کریں گے اور اس کا عوامی طور پر اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ موسیقی کے ایک حقیقی سفر کی شروعات ہوگا، جو سچائی، آزادی اور خالص فن پر مبنی ہوگا۔
آخر میں گلوکار نے مداحوں سے کہا کہ "اگلا باب جلد شروع ہوگا، لوگ جڑے رہیں۔"
واضح رہے کہ رواں ہفتے ہی بھارتی گلوکار اریجیت سنگھ نے فلموں میں پلے بیک سنگنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔









