شہر کی مارکیٹ میں سولر پینلز کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ، صارفین کے لیے نئی مالی مشکلات پیدا ہو گئیں۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق سولر پینلز کی قیمت میں فی واٹ 10 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد قیمت 30 روپے سے بڑھ کر 40 روپے فی واٹ تک پہنچ گئی ہے۔ اس اضافے کے باعث سولر سسٹمز کی مجموعی لاگت میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، اور ایک مکمل سسٹم کی قیمت میں تقریباً 2 لاکھ روپے تک اضافہ ہو چکا ہے۔
نئے نرخنامے کے مطابق آن گرڈ سولر سسٹمز کی قیمتیں کچھ اس طرح ہیں:
5 کلوواٹ آن گرڈ سسٹم: 6 لاکھ 50 ہزار روپے
7 کلوواٹ آن گرڈ سسٹم: 7 لاکھ 50 ہزار روپے
10 کلوواٹ آن گرڈ سسٹم: 11 لاکھ روپے
12 کلوواٹ آن گرڈ سسٹم: 12 لاکھ 50 ہزار روپے
15 کلوواٹ آن گرڈ سسٹم: 15 لاکھ روپے
ذرائع کے مطابق یہ قیمتیں آن گرڈ سسٹمز کی بنیاد پر طے کی گئی ہیں، جبکہ ہائبرڈ سسٹم لگوانے کے خواہشمند صارفین کو بیٹریوں کی مد میں اضافی رقم ادا کرنا ہوگی۔
مارکیٹ ذرائع نے بتایا کہ قیمتوں میں اضافے سے سولر توانائی کی جانب منتقلی کے خواہشمند صارفین کو مشکلات کا سامنا ضرور ہے، تاہم بجلی کے مسلسل بڑھتے ہوئے نرخوں کے باعث سولر سسٹمز کی طلب بدستور برقرار ہے۔









