قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے فٹنس ٹیسٹ کامیابی سے پاس کر لیا ہے، جس کے بعد انہیں مکمل فٹ قرار دے دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شاہین شاہ آفریدی کا فزیکل فٹنس ٹیسٹ دو روز قبل لیا گیا تھا، جو آئندہ آسٹریلیا سیریز اور ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔ ٹیسٹ کے نتائج تسلی بخش آنے پر میڈیکل اسٹاف نے انہیں مکمل فٹ قرار دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی آسٹریلیا سیریز اور ورلڈ کپ کے لیے مکمل طور پر دستیاب ہوں گے۔ واضح رہے کہ وہ بگ بیش لیگ کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے، جس کے بعد ان کی فٹنس پر سوالات اٹھ رہے تھے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹر بابر اعظم کو وطن واپس بلا لیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے بابر اعظم کو قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ میں شمولیت کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔









