100

یہ انکل کون ہیں؟ ترک اداکارہ نے شاہ رخ خان پر وائرل دعوے کی تردید کر دی

معروف ترک اداکارہ اور ماڈل ہاندے ارسل نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اپنی ویڈیو پر وضاحت فراہم کر دی ہے۔ یہ ویڈیو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقد ہونے والے جوائے ایوارڈز 2026 کے دوران بنائی گئی تھی، جس میں ہاندے ارسل اسٹیج پر ویڈیو ریکارڈ کرتی نظر آ رہی ہیں جبکہ شاہ رخ خان کو مصر کی اداکارہ آمنہ خلیل کے ساتھ ایوارڈ پیش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ ترک اداکارہ بھی شاہ رخ خان کی مداح ہیں، تاہم ہاندے ارسل نے اس دعوے کی سختی سے تردید کی ہے۔

ہاندے ارسل نے وائرل ویڈیو کا ایک اسکرین شاٹ اپنی انسٹا اسٹوری پر شیئر کیا اور اس کے ساتھ کیپشن میں لکھا کہ "یہ انکل کون ہیں؟" انہوں نے واضح کیا کہ وہ شاہ رخ خان کی مداح نہیں ہیں اور اصل میں وہ صرف اپنی دوست آمنہ خلیل کی ویڈیو ریکارڈ کر رہی تھیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے درخواست کی کہ اس طرح کی غلط معلومات پھیلانا بند کریں اور حقیقت کو بگاڑنے سے گریز کیا جائے۔ واضح رہے کہ شاہ رخ خان بطور پریزینٹر اس ہائی پروفائل تقریب میں موجود تھے اور اس دوران کئی ویڈیو کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے، جن پر صارفین نے دلچسپ اور متنوع تبصرے بھی کیے۔