بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے شدید احتجاج کے بعد بڑا قدم اٹھاتے ہوئے چیئرمین فنانس نجم الاسلام کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔
بی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر امین الاسلام نے آئین کے آرٹیکل 31 کے تحت اختیارات استعمال کرتے ہوئے نجم الاسلام کو عہدے سے برطرف کرنے کے احکامات جاری کیے۔ کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کھیل اور ادارے کے وسیع تر مفاد میں کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نجم الاسلام کے ایک حالیہ متنازع بیان پر قومی اور ڈومیسٹک کرکٹرز میں شدید غم و غصہ پایا جاتا تھا، جس کے بعد کھلاڑیوں نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے میچز کے بائیکاٹ کا اعلان بھی کر دیا تھا۔
کھلاڑیوں کی جانب سے مسلسل نجم الاسلام کے استعفے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا، جبکہ کرکٹ حلقوں میں بھی ان کے رویے پر شدید تنقید کی جا رہی تھی۔
بی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد کھلاڑیوں اور بورڈ کے درمیان اعتماد بحال کرنا اور ادارے کو مزید بحران سے بچانا ہے۔ بورڈ نے عندیہ دیا ہے کہ مستقبل میں ایسے معاملات میں شفاف پالیسی اختیار کی جائے گی تاکہ کرکٹ کے ماحول کو محفوظ اور مثبت رکھا جا سکے۔
واضح رہے کہ کھلاڑیوں کے احتجاج کے باعث بی سی بی کو شدید دباؤ کا سامنا تھا، جس کے بعد بالآخر کرکٹ بورڈ نے فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے نجم الاسلام کو عہدے سے ہٹا دیا۔









