امریکہ: امریکی خلائی کمپنی Galactic Resource Utilization Space نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2032 تک چاند پر دنیا کا پہلا ہوٹل تعمیر کرے گی، جسے سیاحوں کے لیے کھولا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق یہ ہوٹل زمین پر تیار کر کے خلائی مشن کے ذریعے چاند کی سطح پر منتقل کیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر ہوٹل میں صرف چار مہمانوں کے قیام کے انتظامات ہوں گے، جو چاند کے مناظر، چہل قدمی، گاڑی چلانے اور گالف جیسے منفرد تجربات سے لطف اندوز ہوں گے۔
کمپنی نے بتایا کہ تعمیر کا عمل 2029 میں شروع ہو سکتا ہے، بشرطیکہ تمام سرکاری اجازتیں حاصل ہوں۔ ہوٹل میں قیام کی ابتدائی قیمتیں بہت زیادہ ہوں گی، اور ہر مہمان سے ایک ملین ڈالر کے برابر پیشگی ادائیگی لی جائے گی۔
ماہرین کے مطابق یہ منصوبہ خلائی سیاحت کی دنیا میں ایک نیا سنگِ میل ثابت ہوگا اور مستقبل میں عام سیاحوں کے لیے خلا میں قیام کے امکانات بڑھانے میں مددگار ہوگا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے خلائی سیاحت عام ہوگی، قیمتوں میں کمی متوقع ہے، بالکل ویسے ہی جیسے ابتدائی ہوائی سفر میں صرف امیر شہری ہی سفر کر سکتے تھے۔









