سردیوں کا موسم اپنی خوبصورتی کے ساتھ کئی مسائل بھی لے کر آتا ہے، جن میں جلد کی خشکی سب سے عام ہے۔ خشک سرد ہوا اور کم نمی جلد کی قدرتی چمک ختم کر دیتی ہے۔ اس موسم میں جلد کو نمی دینے کے لیے مؤثر حل مؤسچرائزر کا استعمال ہے، لیکن گھر میں موجود کچھ قدرتی آئلز مہنگے کریموں سے کہیں زیادہ فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں۔
ناریل کا تیل خشک جلد کے لیے بہترین ہے۔ یہ جلد کو نمی فراہم کرتا ہے اور موسم کے اثرات سے بچاتا ہے۔ کوکونٹ آئل کو اسکرب کے طور پر استعمال کرنے سے نہ صرف جلد نرم اور چمکدار بنتی ہے بلکہ غیر معیاری اسکرب کے استعمال سے پیدا ہونے والے نشانات سے بھی بچا جا سکتا ہے۔
زیتون کا تیل قدرتی طور پر صحت بخش اور غذائی اجزاء سے بھرپور ہے۔ یہ نہ صرف جلد کو نمی فراہم کرتا ہے بلکہ قدرتی دلکشی بھی بڑھاتا ہے۔ زیتون کا تیل قدرتی میک اپ ریموور کے طور پر بھی بہترین ہے، خاص طور پر آئی میک اپ ہٹانے میں مفید اور جلد کی رنگت کو برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
جوجوبا آئل شمالی امریکہ کے مقامی باشندے صدیوں سے استعمال کرتے آرہے ہیں۔ یہ آئل انسانی جلد کی ساخت سے مماثل ہونے کی وجہ سے جلد کی تازگی برقرار رکھتا ہے، کیل مہاسوں کو کم کرتا ہے اور موئسچرائزر کے طور پر کام کرتے ہوئے پورے دن نمی فراہم کرتا ہے۔
یہ تین قدرتی آئلز سردیوں میں جلد کی خشکی اور رنگت کو بہتر بنانے کے لیے انتہائی مؤثر ہیں اور مہنگے بیوٹی پراڈکٹس کا بہترین متبادل ثابت ہو سکتے ہیں۔









