164

علیزے شاہ کی یاسر نواز کو قانونی کارروائی کی وارننگ

پاکستانی اداکارہ علیزے شاہ نے ہدایت کار اور ٹی وی میزبان یاسر نواز کو عوامی سطح پر اپنے بارے میں نازیبا یا توہین آمیز بیانات دینے سے باز رہنے کی آخری وارننگ جاری کر دی ہے۔

یہ ردعمل اس وقت سامنے آیا جب ایک نجی ٹی وی شو کے گیم سیگمنٹ میں علیزے شاہ کا نام لیا گیا، جہاں پروگرام میں بطور مہمان شریک یاسر نواز نے میزبان کی جانب سے کیے گئے ایک مذاق پر جواب دیا۔ مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد علیزے شاہ نے انسٹاگرام پر سخت مؤقف اختیار کیا۔

اپنے پیغام میں علیزے شاہ نے کہا کہ یاسر نواز گزشتہ پانچ برس سے مختلف ٹاک شوز میں بار بار ان کا نام لیتے آ رہے ہیں، جو ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ ان کی آخری وارننگ ہے اور آئندہ کسی بھی پلیٹ فارم پر ان کا نام لینے سے گریز کیا جائے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ماضی میں پیش آنے والے کسی بھی واقعے کو بنیاد بنا کر ان کا نام بار بار اچھالنا یاسر نواز کا حق نہیں بنتا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس ایسے تمام پروگرامز کا ریکارڈ موجود ہے جن میں ان کے بارے میں منفی گفتگو کی گئی۔

علیزے شاہ نے خبردار کیا کہ اگر آئندہ ان کا نام لیا گیا یا بالواسطہ حوالہ دیا گیا تو وہ قانونی کارروائی کریں گی، جس میں ہرجانے کا دعویٰ بھی شامل ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ قانونی اقدام کے دوران وہ اصل حقائق بھی منظرعام پر لائیں گی، جو یاسر نواز کی ساکھ کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ علیزے شاہ اور یاسر نواز کے درمیان تنازعہ کا آغاز 2020 میں ڈرامہ سیریل میرا دل میرا دشمن کے سیٹ سے جوڑا جاتا ہے، جہاں مبینہ طور پر پیش آنے والے اختلافات پر یاسر نواز نے بعد ازاں عوامی سطح پر تبصرہ کیا تھا، جس پر انہوں نے بعد میں افسوس کا بھی اظہار کیا۔