157

ٹی20 ورلڈ کپ: بھارت نے کھلاڑیوں کے ویزے کی درخواست مسترد کر دی

نئی دہلی: بھارت میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے آغاز سے قبل امریکی کرکٹ ٹیم کے چار پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کی بھارتی ویزا درخواستیں مسترد ہونے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ویزا مسترد ہونے والے کھلاڑیوں میں احسان عادل، شایان جہانگیر، علی خان اور محمد محسن شامل ہیں۔ ویزا مسترد ہونے کے بعد امریکی ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت اور تیاریوں پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

یہ فیصلہ کھیل اور سیاست کو الگ رکھنے کے عالمی اصول کے منافی قرار دیا جا رہا ہے، اور اس معاملے نے کرکٹ شائقین اور ماہرین کے درمیان تشویش پیدا کر دی ہے۔

ویزا مسترد ہونے کے بعد امریکی فاسٹ باؤلر علی خان نے انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کی، جس سے معاملہ مزید توجہ کا مرکز بن گیا۔

اس سلسلے میں تاحال بھارتی حکام یا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ امریکی کرکٹ بورڈ کی ٹیم تیاریوں اور سلیکشن کے حوالے سے جلد وضاحت دے سکتا ہے۔

یہ واقعہ عالمی کرکٹ میں سیاست اور کھیل کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ کی تازہ مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔