42

طورخم بارڈر: اسلحہ اور گولہ بارود کی بڑی اسمگلنگ ناکام

اسلام آباد: پاکستان کسٹمز نے طورخم بارڈر پر اسلحہ اور گولہ بارود پاکستان میں اسمگل کرنے کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ ایف بی آر کے مطابق اس کارروائی میں ایس ایم جی اور رائفل کے 21 ہزار سے زائد کارتوس سمیت دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا۔

کسٹمز حکام کے مطابق یہ مشکوک کارگو طورخم کسٹمز اسٹیشن پر معمول کی جانچ کے دوران سامنے آیا۔ خالی دکھائی دینے والی گاڑی رجسٹریشن نمبر TAH-027 کو تفصیلی اسکیننگ کے لیے این ایل سی امپورٹ ٹرمینل منتقل کیا گیا، جہاں اسکین شدہ تصاویر میں بے ضابطگیاں ظاہر ہوئیں۔

گاڑی کی مکمل تلاشی لینے پر غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا، اور اس معاملے کا مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

کسٹمز حکام دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے تمام ممکنہ پہلوؤں پر جامع تحقیقات کر رہے ہیں۔ ایف بی آر نے اس واقعے کو عوام اور ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی دانستہ اور منظم کوشش قرار دیا۔