40

صارفین خوش، بجلی کے بلوں میں بڑا ریلیف کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بجلی صارفین کے لیے خوشخبری سناتے ہوئے اوسط بنیادی ٹیرف میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

نیپرا (نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی) میں ہونے والی سماعت کے دوران پاور ڈویژن کی جانب سے پیش کی گئی بریفنگ کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ صارفین کو بجلی پر اضافی بوجھ برداشت نہیں کرنا پڑے گا۔

ایڈیشنل سیکرٹری پاور ڈویژن نے بتایا کہ سبسڈی میں مناسب ایڈجسٹمنٹ کر دی گئی ہے، جس سے ٹیرف بڑھانے کی ضرورت باقی نہیں رہی۔ ان کے مطابق جولائی سے اب تک انرجی مکس میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس سے پیداواری لاگت کم ہوئی اور صارفین کو ریلیف فراہم کرنا ممکن ہوا۔

حکام نے واضح کیا کہ حکومت نے تمام حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیرف میں ردوبدل نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کیا ہے۔

اس وقت ملک بھر میں تمام کیٹیگریز کے بجلی صارفین کو مجموعی طور پر 629 ارب روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے تاکہ عوام کو بجلی سستی نرخوں پر دستیاب رہے۔