60

پشاور میں منشیات کے خلاف بڑی کامیابی، بھاری مقدار میں چرس برآمد

پشاور میں ایکسائز اسپیشل اسکواڈ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی اور 100.8 کلوگرام چرس برآمد کرلی۔

محکمہ ایکسائز کے مطابق کارروائی موٹروے سروس روڈ پر خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی، جہاں ایک مشکوک موٹر کار کو روک کر تلاشی لی گئی۔ تلاشی کے دوران موٹر کار نمبر LED-3066 سے بھاری مقدار میں چرس برآمد ہوئی، جسے تحویل میں لے لیا گیا۔

ایکسائز حکام نے منشیات قبضے میں لینے کے بعد تھانہ ایکسائز پشاور میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی صوبے میں منشیات کے خلاف جاری زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت عمل میں لائی گئی۔

محکمہ ایکسائز کے مطابق صوبائی وزیر ایکسائز سید فخر جہان کی ہدایات پر منشیات اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث افراد کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔