58

سعودی عرب کی اہم عسکری شخصیت لیفٹیننٹ جنرل سعید القحطانی انتقال کر گئے

سعودی عرب کے اسسٹنٹ وزیر داخلہ برائے آپریشنز امور لیفٹیننٹ جنرل سعید بن عبداللہ القحطانی انتقال کرگئے۔ ان کے انتقال کی تصدیق سعودی وزارت داخلہ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان کے ذریعے کی۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں مرحوم کے اہلِ خانہ اور لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ لیفٹیننٹ جنرل سعید القحطانی نے وزارت داخلہ میں طویل عرصے تک اہم ذمہ داریاں انجام دیں اور قومی سلامتی کے شعبے میں نمایاں خدمات سرانجام دیں۔

سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے بھی لیفٹیننٹ جنرل سعید القحطانی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے تقریباً 60 برس تک وزارت داخلہ میں مثالی انداز میں خدمات انجام دیں اور ان کی پیشہ ورانہ خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

لیفٹیننٹ جنرل سعید بن عبداللہ القحطانی نے کنگ فہد سکیورٹی کالج سے گریجویشن کیا تھا اور اپنے طویل کیریئر کے دوران وزارت داخلہ میں مختلف اہم اور حساس عہدوں پر فائز رہے۔ ان کا شمار سعودی عرب کے تجربہ کار اور سینئر سیکیورٹی حکام میں کیا جاتا تھا۔