چین نے ایک جدید اسمارٹ پاور گرڈ ٹیکنالوجی تیار کی ہے جو بجلی کے بلیک آؤٹ کو ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں ختم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یہ ٹیکنالوجی پاور گرڈ میں پیدا ہونے والے فالٹس کو فوری طور پر الگ کر کے بجلی کی بحالی ممکن بناتی ہے، جس میں عام طور پر گھنٹوں لگ جاتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اس ٹیکنالوجی سے دنیا بھر میں بجلی کی محفوظ اور مستحکم فراہمی کو یقینی بنانے میں مدد مل سکے گی۔ یہ سسٹم مائیکرو فالٹس کو بھی شناخت کر کے انہیں درست کرتا ہے اور چین بھر میں نافذ کیا جائے گا، جبکہ 12 دیگر ممالک کو بھی برآمد کیا جائے گا۔
یہ نظام چائنا پاور ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے تیار کیا ہے، جو اسٹیٹ گرڈ کارپوریشن آف چائنا سے منسلک ادارہ ہے۔ موجودہ دور میں روایتی پاور گرڈز ونڈ اور سولر پلانٹس جیسے غیر مستحکم ذرائع سے حاصل ہونے والی توانائی کی وجہ سے پیچیدہ چیلنجز کا سامنا کرتے ہیں، جنہیں اس جدید سسٹم کے ذریعے فوری طور پر قابو پایا جا سکے گا۔
چین میں پہلے بھی 2022 میں ایک آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹم متعارف کرایا گیا تھا جو بجلی کی سپلائی کو تین سیکنڈ میں بحال کر سکتا تھا، تاہم اب یہ نیا سسٹم اس سے بھی زیادہ تیز ہے اور پیچیدہ گرڈز میں فوری ترسیل اور خرابی کی صورت میں فوری بحالی ممکن بناتا ہے۔
واضح رہے کہ چین کا پاور گرڈ سسٹم دنیا کا سب سے بڑا ہے اور یہ امریکا کے مقابلے میں دوگنی بجلی پیدا کرتا ہے۔









