148

پروپرانولول استعمال کرنے والے مریضوں کے لیے اہم ہدایات، سنگین علامات نظر انداز نہ کریں

دل کی بیماریوں کے علاج کے لیے پروپرانولول لینے والے مریضوں کو بعض مضر اثرات سے متعلق خبردار کیا گیا ہے جو خون اور گردوں کے سنگین مسائل کی نشاندہی کر سکتے ہیں۔ این ایچ ایس کی ہدایات کے مطابق اگر مریضوں کو جلد یا آنکھوں کا پیلا پن، یا 10 منٹ سے زیادہ جاری رہنے والی ناک سے خون بہنے جیسی علامات ظاہر ہوں تو فوری ہنگامی طبی امداد حاصل کی جائے۔

پروپرانولول ایک بیٹا بلاکر دوا ہے جو دل کی مختلف بیماریوں، بلند فشار خون، دل کی دھڑکن کی بے ترتیبی، مائیگرین کی روک تھام اور جسمانی اینزائٹی کی علامات کو کم کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ یہ دوا دل کی دھڑکن کو سست کر کے خون کی روانی بہتر بناتی ہے۔

این ایچ ایس کے مطابق زیادہ تر افراد کو اس دوا سے معمولی یا کوئی مضر اثرات نہیں ہوتے، جو وقت کے ساتھ بہتر ہو جاتے ہیں۔ تاہم، کچھ مریض ابتدائی طور پر سائیڈ ایفیکٹس کا سامنا کر سکتے ہیں۔

12 سال یا اس سے زائد عمر کے بیشتر افراد اس دوا کا استعمال کر سکتے ہیں، مگر جنہیں پہلے سے کم بلڈ پریشر، دل کی کمزوری، ڈپریشن یا ذیابیطس ہے، ان کے لیے خوراک کی تبدیلی یا متبادل دوا تجویز کی جا سکتی ہے۔

این ایچ ایس نے زور دیا ہے کہ دوا کو بغیر مشورہ بند نہ کیا جائے کیونکہ اچانک بند کرنے سے سینے میں درد یا دل کے دورے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ مریضوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی غیر معمولی یا سنگین علامات کی صورت میں فوری طور پر اپنے معالج سے رابطہ کریں تاکہ ممکنہ خطرات سے بچا جا سکے۔