130

ایک مچھلی کی قیمت کروڑوں میں: سوشی کے شوق نے دنیا کو حیران کر دیا

جاپان میں سوشی کے شوق نے ایک بار پھر عالمی توجہ حاصل کر لی، جہاں ٹوکیو کی فش مارکیٹ میں ایک معروف سوشی ریستوران نے ریکارڈ توڑ بولی دیتے ہوئے بلیو فِن ٹونا مچھلی 32 لاکھ ڈالر میں خرید لی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ’ٹونا کنگ‘ کے نام سے مشہور سوشی چین نے 243 کلوگرام وزنی بلیو فِن ٹونا کے لیے 510 ملین ین کی سب سے زیادہ بولی دی جو 1999 کے بعد اب تک کی مہنگی ترین نیلامیوں میں شمار کی جا رہی ہے۔

ریستوران کے مالک کیوشی کیمورا نے اعتراف کیا کہ قیمت میں غیر معمولی اضافے نے انہیں بھی حیران کر دیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ معیار کی اس مچھلی سے تیار کیا گیا سوشی صارفین کے لیے خوشی اور توانائی کا باعث بنے گا۔

ماہرین کے مطابق اس نیلامی کو پیسیفک سمندر میں بلیو فِن ٹونا کی آبادی میں بہتری کی علامت بھی قرار دیا جا رہا ہے جو ایک وقت میں شدید خطرے سے دوچار تھی۔ ماہی گیری سے وابستہ اداروں نے اسے سمندری حیات کے تحفظ کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔

نیلامی کے بعد قیمتی ٹونا کو ٹکڑوں میں کاٹ کر سوشی تیار کیا گیا جسے عام صارفین کے لیے مناسب قیمت پر فروخت کیا گیا، جبکہ خریداروں نے اس منفرد ذائقے کو سال کے آغاز کی یادگار خوشی قرار دیا۔