ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگس کنٹرول اتھارٹی پنجاب نے صوبے بھر میں 8 اقسام کی مختلف ادویات کے مخصوص بیچز کی فروخت فوری طور پر بند کرنے اور انہیں مارکیٹ سے واپس لینے کا حکم جاری کردیا ہے۔ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ ادویات معیار پر پورا نہیں اترتیں اور ان میں سے بعض ادویات طاقت کے ٹیسٹ میں ناکام، غیر معیاری، ملاوٹ شدہ یا قوانین کے برخلاف غلط لیبلنگ کی حامل پائی گئی ہیں۔ الرٹ میں متاثرہ ادویات کی مکمل تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ ہدایت میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر ڈیلرز، ہول سیلرز یا ریٹیلرز کے پاس ان ادویات کے متعلقہ بیچز موجود ہوں تو انہیں فوری طور پر فروخت سے ہٹا کر واپس کیا جائے اور اسٹاک کی تفصیلات متعلقہ ڈرگ انسپکٹر کو فراہم کی جائیں۔ پاکستان میں اینٹی بائیوٹک ادویات کے غلط استعمال سے انفیکشنز میں اضافہ اتھارٹی نے عوام کو بھی خبردار کیا ہے کہ ان ادویات کا استعمال فوری طور پر بند کردیا جائے کیونکہ یہ صحت کے لیے شدید خطرات کا باعث بن سکتی ہیں۔ دوسری جانب موسم کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ماہرین صحت نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق نزلہ زکام میں مبتلا افراد سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا جائے، مناسب فاصلہ رکھا جائے اور ماسک کا استعمال یقینی بنایا جائے۔ ماہرین صحت نے مزید کہا کہ شہری متوازن اور صحت بخش غذا استعمال کریں تاکہ قوتِ مدافعت مضبوط ہو اور موسمی بیماریوں سے بچاؤ ممکن بنایا جاسکے۔
64









