شکرگڑھ کے علاقے کرتارپور کے نواحی گاؤں حکیم پورہ میں ایک مچھیرے نے دریائے راوی سے 102 کلوگرام وزنی دیوہیکل مچھلی پکڑ کر علاقہ مکینوں کو حیران کر دیا۔
مچھلی پکڑنے والے نوجوان محمد عارف نے بتایا کہ اس نے دریائے راوی میں جال ڈال کر غیر معمولی جسامت کی مچھلی کا شکار کیا۔ بھاری بھرکم مچھلی کو دیکھنے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی اور ویڈیوز و تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔
محمد عارف کے مطابق وہ اس مچھلی کو 2 لاکھ روپے میں فروخت کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ اتنی بڑی مچھلی پکڑنا کسی نعمت سے کم نہیں۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ محمد عارف نے دو روز قبل بھی دریائے راوی سے 65 کلوگرام وزنی مچھلی پکڑی تھی جسے اس نے ایک لاکھ روپے میں فروخت کیا تھا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ دریائے راوی میں حالیہ دنوں میں بڑی مچھلیاں نکلنے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے مقامی ماہی گیروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔









