114

پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں سے متعلق بڑی پیشرفت

پاکستان سپر لیگ میں توسیع کے عمل میں اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کی فروخت کے لیے بولیوں کا تکنیکی جائزہ مکمل کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دو نئی فرنچائزز کے لیے دنیا بھر سے موصول ہونے والی 12 بولیوں میں سے 10 بولی دہندگان کو تکنیکی معیار پر پورا اترنے کے بعد اہل قرار دے دیا گیا ہے۔ اہل قرار دی گئی پارٹیاں اب نیلامی کے مرحلے میں حصہ لے سکیں گی۔

پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ دو نئی ٹیموں کی نیلامی 8 جنوری 2026 کو جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی، جہاں کامیاب بولی دہندگان کو مختلف شہروں میں سے اپنی ٹیم کے لیے شہر منتخب کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔

ممکنہ شہروں میں راولپنڈی، حیدرآباد، فیصل آباد، گلگت، مظفرآباد اور سیالکوٹ شامل ہیں، جن میں سے کسی ایک شہر کے نام سے نئی فرنچائز متعارف کرائی جائے گی۔

پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے تکنیکی مرحلے میں کامیاب بولی دہندگان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی لیگ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی توسیع لیگ کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی، جبکہ نیلامی کے عمل اور آئندہ مراحل سے متعلق مزید تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔