معروف پاکستانی اداکارہ اور ہدایتکارہ انجلین ملک نے کینسر کے خلاف اپنی کامیاب جدوجہد کے بعد خوشخبری سنائی ہے کہ وہ فی الحال کینسر سے پاک ہیں۔
انجلین ملک کو چند سال قبل کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور تب سے وہ مداحوں کو اپنی صحت کے سفر سے آگاہ کرتی رہی ہیں۔ حال ہی میں اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ حالیہ اسکین صاف ہے، مگر یہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا:
"طبی لحاظ سے کسی کو کینسر سے مکمل طور پر پاک قرار دینے کے لیے 2 سے 5 سال تک مسلسل صاف اسکین کی ضرورت ہوتی ہے، کبھی کبھار 10 سال بھی۔ تو ہاں، میں آج کے لیے کینسر سے پاک ہوں، مگر سفر ابھی ختم نہیں ہوا۔"
انجلین ملک نے مزید کہا:
"کچھ دن امید دلاتے ہیں، کچھ خوف، لیکن میں ہر لمحے کا سامنا ہمت کے ساتھ کرتی ہوں۔ آج کے لیے شکر گزار، کل کے لیے تیار اور کبھی ہمت نہ ہارنے کا جذبہ رکھتی ہوں۔ یہ سفر ہمت، امید اور زندگی کی قدر سکھاتا ہے۔"
اداکارہ نے مداحوں کو بتایا کہ ہر کامیابی کے پیچھے صبر، حوصلہ اور بے شمار چھپی ہوئی جدوجہد ہوتی ہے۔
انجلین ملک نے اپنے کیریئر میں متعدد کامیاب ٹی وی ڈراموں میں کام کیا ہے، جن میں راج ہنسنی، میری آواز سنو، ریشما تو جھلی ہے، مجھے پیار ہوا تھا، مسٹری تھیٹر شامل ہیں۔ بطور ہدایتکار ان کی قابل ذکر کاوشوں میں کتنی گِرہیں باقی ہیں، چھوٹی چھوٹی باتیں، ہم دو ہمارے سو، مجھے جینے دو شامل ہیں۔
اداکارہ کی اس خوشخبری پر مداحوں کی جانب سے بھرپور مبارکباد اور نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے، اور ان کا سفر کینسر کے خلاف جدوجہد کرنے والے ہر شخص کے لیے امید اور حوصلے کا پیغام بن چکا ہے۔









