63

ٹک ٹاک 2025: پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے موضوعات، صحت، سیاحت اور کرکٹ سرِفہرست

ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے پاکستان میں سال 2025 کے لیے سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے موضوعات کے تفصیلی اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پاکستانی صارفین نے ٹک ٹاک کو صرف تفریح کے لیے نہیں بلکہ معلومات اور فیصلہ سازی کے لیے بھی استعمال کیا۔

جنوبی ایشیا میں ٹک ٹاک کے کانٹینٹ آپریشنز لیڈ عمیس نوید کے مطابق، سرچ بار اب پاکستانیوں کی روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ بن چکی ہے۔ صارفین نہ صرف ویڈیوز دیکھتے ہیں بلکہ کسی بھی مقام، پروڈکٹ یا تجربے کے بارے میں حقیقی وقت میں معلومات حاصل کرنے کے لیے سرچ کرتے ہیں۔

 

صحت اور فٹنس:
فٹنس ٹاک کی تلاش میں 66 فیصد اضافہ ہوا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستانی اپنی صحت کے بارے میں زیادہ باشعور ہو رہے ہیں اور ورزش کے طریقوں کے لیے ویڈیو رہنمائی کو ترجیح دے رہے ہیں۔

سیاحت اور کھانے:
سیاحت سے متعلق مواد کی تلاش میں 53 فیصد اور کھانے کے موضوعات میں 52 فیصد اضافہ ہوا۔ سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے سیاحتی مقامات میں اسلام آباد، ہنزہ کا تاریخی التت فورٹ، دریائے چناب، لاہور اور کراچی شامل ہیں۔ کھانوں کے حوالے سے روایتی بریانی اور آلو کے ساتھ ساتھ وائرل فوڈ ٹرینڈز جیسے لاوا برگر، ماچا ڈرنک اور دبئی چاکلیٹ سب سے زیادہ مقبول رہے۔

کرکٹ اور شوبز:
کرکٹ ہمیشہ کی طرح مقبول ترین رہا۔ شائقین نے بابر اعظم کی سینچری، پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ اور بھارت کے خلاف میچز کے لمحات تلاش کیے۔ کھلاڑیوں میں بابر اعظم، ویرات کوہلی اور حارث رؤف سب سے زیادہ سرچ ہوئے۔
شوبز میں پاکستانی ڈرامے اور ترک سیریز مقبول رہے، جبکہ ریئلٹی شو ‘تماشا’ اور ‘ہم ایوارڈز’ بھی سب سے زیادہ زیر بحث رہے۔

عملی زندگی اور ٹیکنالوجی:
رپورٹ میں خواتین نے مہندی کے ڈیزائن تلاش کیے، جبکہ ٹیکنالوجی کے شوقین افراد نے مصنوعی ذہانت (AI) کے استعمال اور پرامپٹس، سافٹ ویئر اپ ڈیٹس اور پروڈکٹ ریویوز کے لیے ٹک ٹاک سرچ کیا۔ یہ رجحان ظاہر کرتا ہے کہ پاکستانی صارفین اب پہلے سے زیادہ سوچ سمجھ کر فیصلے کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 2025 میں ٹک ٹاک نے پاکستان میں تفریح کے ساتھ ساتھ معلوماتی اور تعلیمی مواد میں بھی اہم کردار ادا کیا۔