104

’’دی گریٹ انڈین کپل شو‘‘ پر موسیقی کاپی رائٹ تنازع، پی پی ایل انڈیا نے عدالت سے رجوع کر لیا

بھارت کے مقبول کامیڈی پروگرام ’’دی گریٹ انڈین کپل شو‘‘ کو اس بار کسی مزاحیہ جملے کے بجائے موسیقی کے استعمال پر قانونی مشکلات کا سامنا ہے۔

مروف میوزک رائٹس ادارے فونوگرافک پرفارمنس لمیٹڈ (پی پی ایل) انڈیا نے شو کے خلاف بمبئی ہائی کورٹ میں کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔

پی پی ایل کے مطابق نیٹ فلکس پر نشر ہونے والے شو کے تیسرے سیزن میں بالی ووڈ کے تین مشہور گانے بغیر اجازت استعمال کیے گئے۔ ان گانوں میں ’’ایم بولے تو‘‘ (فلم منّا بھائی ایم بی بی ایس)، ’’راما رے‘‘ (فلم کانٹے) اور ’’صبح ہونے نہ دے‘‘ (فلم دیسی بوائز) شامل ہیں، جو جون تا ستمبر کے درمیان نشر ہوئے۔

درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ یہ گانے بھارتی کاپی رائٹ ایکٹ کے تحت ’عوامی پرفارمنس اور عوام تک ترسیل‘ کے زمرے میں آتے ہیں، کیونکہ شو پہلے لائیو آڈیئنس کے سامنے ریکارڈ کیا گیا اور بعد میں آن لائن لاکھوں ناظرین تک پہنچایا گیا۔

پی پی ایل نے عدالت کو بتایا کہ نومبر کے آغاز میں شو کے پروڈیوسرز کو نوٹس بھیجا گیا تھا، لیکن ان کا جواب غیر تسلی بخش رہا اور موسیقی کا استعمال جاری رہا۔

ادارے نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ مزید استعمال کو روکا جائے، ممکنہ آمدن کی تفصیلات طلب کی جائیں اور خلاف ورزی سے متعلق مواد ضبط کیا جائے۔ سماعت جلد متوقع ہے۔