117

جھائے رچرڈسن کی ٹیسٹ کرکٹ میں ممکنہ واپسی، آسٹریلیا کا آل پیس اٹیک کا فیصلہ

آسٹریلوی فاسٹ بولر جھائے رچرڈسن چار سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے میلبرن ٹیسٹ کے لیے آل پیس اٹیک کے ساتھ میدان میں اترنے کا عندیہ دیا ہے، جبکہ اعلان کردہ 12 رکنی اسکواڈ میں کوئی اسپنر شامل نہیں کیا گیا۔

کپتان پیٹ کمنز کی غیر موجودگی میں قیادت کرنے والے اسٹیو اسمتھ بیماری سے صحت یاب ہو کر ٹیم میں واپس آگئے ہیں۔ اسمتھ نے بتایا کہ ایم سی جی کی پچ گھاس والی اور سبز ہے جبکہ موسم ٹھنڈا اور ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جو فاسٹ بولرز کے لیے مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر نیتھن لائن فٹ بھی ہوتے تو اسپنر کو کھلانے پر غور ضرور کیا جاتا، لیکن حالیہ وکٹیں فاسٹ بولرز کے لیے زیادہ سازگار رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق حتمی پلیئنگ الیون کا اعلان میچ کی صبح کیا جائے گا، جہاں جھائے رچرڈسن، مائیکل نیسر اور برینڈن ڈوگیٹ میں سے دو کھلاڑیوں کا انتخاب متوقع ہے۔

اسپنر ٹوڈ مرفی کو 12 رکنی اسکواڈ سے خارج کر دیا گیا ہے، جبکہ وکٹ کیپر جوش انگلس بھی ٹیم میں جگہ برقرار نہ رکھ سکے۔

بیٹنگ آرڈر میں عثمان خواجہ بدستور اپنی جگہ برقرار رکھیں گے، تاہم کیمرون گرین کو خراب فارم کے باعث نمبر سات پر بھیج دیا گیا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ نے فی الحال ان پر اعتماد برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اگرچہ ان کی جگہ بیو ویبسٹر کے نام پر بھی غور کیا گیا تھا۔