162

شہناز گل کی پاکستان کے ڈرامے کے او ایس ٹی ’میری زندگی ہے تو‘ پر پرفارمنس وائرل

بھارتی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ، ماڈل اور میزبان شہناز گل بگ باس 13 میں شرکت کے بعد شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئی ہیں۔ شو میں ان کی مرحوم اداکار سدھارتھ شکلا کے ساتھ آن اسکرین کیمسٹری نے انہیں سوشل میڈیا کا اسٹار بنا دیا، اور آج بھی یہ جوڑی مداحوں کے دلوں میں خاص مقام رکھتی ہے۔

شہناز گل اب بالی ووڈ کی مقبول اداکارہ ہیں اور انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد 19.3 ملین سے تجاوز کر چکی ہے۔ وہ فلموں، میوزک ویڈیوز اور ڈیجیٹل پراجیکٹس میں مسلسل سرگرم رہتی ہیں۔

پاکستانی موسیقی سے محبت کے باعث شہناز گل پاکستان میں بھی اکثر خبروں کی زینت بنتی ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ پاکستان کے حال ہی میں مقبول ڈرامے کے او ایس ٹی ’میری زندگی ہے تو‘ پر پرفارم کرتی نظر آئیں۔ ویڈیو کے ساتھ انہوں نے کیپشن میں لکھا: "اس گانے کی دیوانی ہوں، یہاں تک کہ خود سے بھی زیادہ اس سے محبت ہے۔"

یہ او ایس ٹی معروف گلوکار عاصم اظہر نے گایا ہے، اور عاصم نے بھی شہناز کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے گانے کی تعریف کی۔

سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے شہناز گل کی اس پرفارمنس کو بے حد سراہا جا رہا ہے۔ پاکستانی فینز شہناز کی مقامی موسیقی سے محبت پر خوش ہیں، جبکہ بھارتی مداح بھی اس گانے کے سحر میں مبتلا دکھائی دیتے ہیں۔