134

بابر اعظم نے آسٹریلیا میں ننھے فین کو بیٹنگ گلوز تحفے میں دیے، مداحوں میں خوشی کی لہر

قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز بابر اعظم ان دنوں آسٹریلیا میں جاری بگ بیش لیگ میں سڈنی سکسرز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ اسٹار بیٹر نہ صرف اپنی شاندار بلے بازی بلکہ اپنے خوش اخلاق رویے کی وجہ سے بھی جانے جاتے ہیں۔

حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک وائرل ویڈیو نے مداحوں کے دل جیت لیے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بابر اعظم سڈنی سکسرز کی جرسی پہنے اور کِٹ بیگز کے ساتھ گراؤنڈ سے باہر موجود ہیں۔ اس دوران ایک ننھا فین ان کے پاس آتا ہے تو بابر اعظم اسے اپنے بیٹنگ گلوز تحفے میں دے دیتے ہیں۔

ویڈیو میں بابر اعظم کو کہا جاتا ہے کہ بچے کو بیٹنگ ٹپس دے دیں، جس پر انہوں نے کہا: "بچے کو ابھی ٹپس کی ضرورت نہیں، بس بیٹنگ انجوائے کرے۔" ننھے فین کے چہرے پر خوشی اور حیرت عیاں تھی۔

یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا اور مداحوں نے بابر اعظم کے اس عمل کو ان کی عاجزی اور مداحوں سے محبت کا ثبوت قرار دیا۔