65

عالمی رپورٹ: اظہار رائے کی آزادی میں کمی اور صحافیوں پر حملوں میں اضافہ

اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو کی تازہ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ دنیا بھر میں اظہارِ رائے کی آزادی میں 10 فیصد کمی واقع ہوئی ہے اور صحافیوں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ خواتین صحافیوں کو آن لائن ہراسانی کا بھی سامنا ہے۔

ورلڈ ٹرینڈز اِن فریڈم آف ایکسپریشن اینڈ میڈیا ڈیولپمنٹ رپورٹ 2022 سے 2025 کے اعداد و شمار پر مبنی ہے، جس کے مطابق 2012 سے 2024 کے درمیان اظہارِ رائے کی آزادی میں 10 فیصد کمی دیکھی گئی، جو کئی دہائیوں میں بدترین کمی ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ صحافیوں میں سیلف سنسر شپ کے رجحان میں 63 فیصد اضافہ ہوا۔

گذشتہ تین برسوں میں 186 صحافی ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ تر ہلاکتیں جنگی علاقوں میں ہوئیں، جبکہ 2025 میں ہی 93 صحافی مارے گئے۔ خواتین صحافیوں کے خلاف آن لائن حملے 75 فیصد تک بڑھ گئے ہیں۔

یونیسکو نے حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آزاد، محفوظ اور پیشہ ورانہ صحافت میں سرمایہ کاری کریں، ڈیجیٹل شفافیت کو فروغ دیں اور شہریوں کو میڈیا لٹریسی کی تعلیم فراہم کریں تاکہ غلط معلومات اور نفرت انگیزی کے پھیلاؤ کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکے۔