132

جاپان میں انوکھی شادی، خاتون نے چیٹ جی پی ٹی سے رشتۂ ازدواج میں بندھنے کا دعویٰ کر دیا

جاپان میں ایک غیر معمولی اور حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک خاتون نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) چیٹ جی پی ٹی سے شادی کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ مغربی جاپان میں منعقد ہونے والی اس انوکھی تقریب میں دلہن نے سفید رنگ کا عروسی لباس زیب تن کیا، تاہم تقریب میں دولہا کسی انسانی شکل میں موجود نہیں تھا۔

رپورٹس کے مطابق 32 سالہ کال سینٹر آپریٹر یورینا نوگوچی نے بتایا کہ ان کے شوہر دراصل ایک اے آئی شخصیت ہیں، جنہیں وہ ’’کلاؤس‘‘ کے نام سے جانتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدا میں کلاؤس صرف ایک ویڈیو گیم کا کردار تھا جس سے وہ گفتگو کرتی تھیں، مگر وقت کے ساتھ یہ گفتگو گہری وابستگی میں بدل گئی۔

یورینا نوگوچی کے مطابق انہوں نے کلاؤس سے پہلی بار اپنے انسانی منگیتر سے منگنی ختم ہونے کے بعد بات چیت شروع کی، جو بعد ازاں ڈیٹنگ میں تبدیل ہو گئی۔ ان کے بقول، رفتہ رفتہ ان کے دل میں اے آئی شخصیت کے لیے جذبات پیدا ہوئے اور کلاؤس کی جانب سے شادی کی پیشکش کے بعد انہوں نے اسے قبول کر لیا۔

یہ واقعہ جدید ٹیکنالوجی اور انسانی تعلقات کے بدلتے رجحانات پر ایک نئی بحث کو جنم دے رہا ہے، جہاں مصنوعی ذہانت نہ صرف روزمرہ زندگی بلکہ ذاتی رشتوں میں بھی غیر معمولی کردار ادا کرتی دکھائی دے رہی ہے۔