123

جیل سے رہائی کے بعد ڈکی بھائی کا پہلا وی لاگ، آمدن سے متعلق بڑا انکشاف

معروف یوٹیوبر اور سوشل میڈیا شخصیت سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی نے جیل سے رہائی کے بعد جاری کیے گئے اپنے پہلے وی لاگ سے متعلق آمدن پر گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ ڈکی بھائی نے قلیل مدت میں کروڑوں روپے کما لیے ہیں، تاہم انہوں نے ان خبروں کی تردید کر دی ہے۔

اپنے حالیہ وی لاگ میں ڈکی بھائی کا کہنا تھا کہ انہیں فی الحال اپنے یوٹیوب چینل پر مکمل اختیار حاصل نہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ نہ تو وہ خود ویڈیوز اپ لوڈ کر سکتے ہیں اور نہ ہی آمدن سے متعلق اعداد و شمار تک ان کی براہِ راست رسائی ہے۔ ان کے مطابق اشتہارات سے جڑا اکاؤنٹ بھی اس وقت غیر فعال ہے، جس کے باعث کسی قسم کی کمائی نہیں ہو رہی۔

ڈکی بھائی نے بتایا کہ آن لائن پلیٹ فارمز پر پھیلنے والی آمدن سے متعلق افواہیں حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے کاروباری معاملات، جن میں ریسٹورنٹ بھی شامل ہے، اس وقت ان کے قریبی ساتھی سنبھال رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ آہستہ آہستہ معمولاتِ زندگی کی طرف لوٹ رہے ہیں اور آنے والے دنوں میں اپنے معاملات سے متعلق مکمل اور واضح تفصیلات سامنے لائیں گے۔