88

20 کلو سونے کے مبینہ فراڈ میں نیا انکشاف، ملزم اپنی سوتیلی ماں کا کروڑوں کا سونا لے کر فرار

لاہور کے علاقے اچھرہ میں سونے کے بڑے مبینہ فراڈ کا معاملہ مزید سنگین صورت اختیار کر گیا ہے۔ 20 کلو سونے کے فراڈ میں ملوث ملزم شیخ وسیم کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ دکانداروں کے ساتھ ساتھ اپنی سوتیلی ماں کو بھی کروڑوں روپے مالیت کے سونے سے محروم کر کے فرار ہو گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم شیخ وسیم نے اپنی سوتیلی ماں کا ڈیڑھ سو تولہ سے زائد سونا بھی ساتھ لے لیا، جس کی مالیت تقریباً ساڑھے سات کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔ اس سے قبل الزام ہے کہ ملزم نے اچھرہ کی مارکیٹ میں دکانداروں سے ایک ارب روپے سے زائد کا سونا اور رقم ہتھیا لی تھی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران مزید انکشافات سامنے آ رہے ہیں، تاہم تاحال اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ ملزم ملک سے باہر فرار ہو چکا ہے یا نہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق فراڈ سامنے آنے سے قبل ہی ملزم کے بیوی بچے بیرون ملک جا چکے تھے، جبکہ ملزم کی ٹریول ہسٹری سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ مختلف ممالک کے بار بار سفر کرتا رہا ہے۔

دوسری جانب متاثرہ دکانداروں نے پولیس کی کارروائی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے متعدد درخواستیں جمع کرا رکھی ہیں، تاہم پولیس کی جانب سے اب تک مارکیٹ کے دورے اور سی سی ٹی وی فوٹیجز اکٹھی کرنے کا عمل جاری ہے۔

مارکیٹ کے چالیس دکانداروں نے ملزم کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس کو درخواستیں دی ہیں۔ پولیس کے مطابق اب تک چار درخواستوں کے حقائق کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ دیگر درخواستوں کی جانچ جاری ہے۔ ملزم شیخ وسیم کے خلاف تاحال دو مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔