222

جاوید میانداد کو دل کی تکلیف ، اسپتال میں معائنے کے بعد گھر منتقل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف بلے باز جاوید میانداد دل میں تکلیف کے باعث اسپتال پہنچ گئے، تاہم ضروری معائنے اور اینجیوگرافی کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں صحت مند قرار دے کر گھر جانے کی اجازت دے دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جاوید میانداد کو کراچی کے قومی ادارہ امراض قلب  منتقل کیا گیا جہاں ان کے مکمل طبی ٹیسٹ کیے گئے۔ ڈاکٹروں کی نگرانی اور رپورٹ کے بعد سابق ٹیسٹ کپتان کو مکمل آرام اور صحت یابی کی ہدایات دی گئیں۔

جاوید میانداد نے اسپتال میں فراہم کردہ سہولیات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت بہتر محسوس کر رہے ہیں اور اللہ کے فضل اور قوم کی دعاؤں سے ان کی صحت میں مزید بہتری آئے گی۔

سوشل میڈیا پر ان کی صحت یابی کی خوشخبری پر شائقین کرکٹ نے اپنے جذبات کا اظہار کیا اور دعا کی کہ پاکستان کے اس عظیم بلے باز کی صحت ہمیشہ برقرار رہے۔