195

معروف آسٹریلوی اداکارہ ریکل کارپانی 45 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

معروف آسٹریلوی اداکارہ اور سماجی کارکن ریکل کارپانی طویل علالت کے بعد 45 برس کی عمر میں چل بسیں۔ ریکل گزشتہ کچھ عرصے سے ایک دائمی بیماری میں مبتلا تھیں، تاہم ان کی بیماری اور موت کی حتمی وجہ سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

اداکارہ کے اہلخانہ نے ان کی وفات کی تصدیق کی ہے۔ بہن جارجیا کارپانی نے انسٹاگرام پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا: "انتہائی دکھ کے ساتھ اعلان کرتے ہیں کہ ہماری خوبصورت بیٹی اور محبوب اداکارہ ریکل کارپانی طویل بیماری سے جدوجہد کے بعد اب ہم میں نہیں رہیں۔"

خاندان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اداکارہ کی آخری رسومات جمعہ، 19 دسمبر کو ادا کی جائیں گی، جس میں صرف قریبی اہلخانہ اور دوست شرکت کریں گے۔ اس مشکل وقت میں پرائیویسی کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید بیانات جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ریکل کارپانی نے آسٹریلوی ٹیلی وژن میں طویل اور کامیاب کیریئر بنایا اور بعد ازاں امریکی پروڈکشنز میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ اداکاری کے ساتھ ساتھ وہ سماجی اور سیاسی معاملات میں بھی سرگرم رہیں اور خواتین کے حقوق کی بھرپور حامی تھیں۔ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے وہ عالمی مسائل، بشمول اسرائیل فلسطین تنازع، پر بھی آواز بلند کرتی رہیں۔