65

واٹس ایپ نے کالز، چیٹس اور اسٹیٹس کیلئے شاندار فیچرز متعارف کرا دیے

واٹس ایپ کے مطابق نئے فیچرز میں مسڈ کال نوٹس کا آپشن شامل کیا گیا ہے، جس کے تحت اگر وائس یا ویڈیو کال کا جواب نہ دیا جائے تو کال کرنے والا صارف براہِ راست چیٹ میں آڈیو یا ویڈیو نوٹ بھیج سکے گا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ صارفین ان نوٹس کو ایک ہی ٹپ سے سن اور دیکھ سکیں گے، جس سے روایتی وائس میل سسٹم کی ضرورت کم ہو جائے گی۔

اس کے علاوہ وائس اور گروپ ویڈیو کالز میں بھی نئی سہولیات شامل کی گئی ہیں۔ گروپ ویڈیو کالز کے دوران اسپیکر کو نمایاں کرنے کے لیے اسپاٹ لائٹ فیچر متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ کال کے دوران ری ایکشنز کے ذریعے صارفین اپنی رائے اور جذبات کا اظہار کر سکیں گے۔

واٹس ایپ نے اسٹیٹس سیکشن میں بھی نئے انٹرایکٹو اسٹیکرز شامل کیے ہیں، جن میں موسیقی کی لائنز، سوالات اور متحرک ڈیزائنز شامل ہیں، جو صارفین کو زیادہ بہتر انداز میں اظہارِ خیال کی سہولت فراہم کریں گے۔

مزید برآں، میٹا اے آئی امیج جنریشن ٹولز میں اپ گریڈ کے ذریعے تصاویر کی کوالٹی بہتر بنانے اور انہیں مختصر ویڈیوز میں تبدیل کرنے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔

واٹس ایپ کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں نیا میڈیا ٹیب متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے چیٹس میں موجود تصاویر، ویڈیوز، لنکس اور دستاویزات کو بآسانی تلاش اور منظم کیا جا سکے گا، جبکہ لنک پریویوز کو بھی مزید بہتر بنایا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ تمام اپڈیٹس 2025 کے تعطیلاتی سیزن سے قبل مرحلہ وار صارفین کو فراہم کی جائیں گی۔