115

اسمارٹ میٹرز سستے، بجلی صارفین کے لیے بڑی خوشخبری

اسمارٹ میٹرز کی قیمتوں میں 40 فیصد تک کمی، سالانہ 150 ارب روپے کی بچت

اسلام آباد میں وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے اعلان کیا ہے کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے لیے نئے اسمارٹ میٹرز کی قیمتوں میں 40 فیصد تک نمایاں کمی آ گئی ہے، جس کے نتیجے میں قومی سطح پر سالانہ 150 ارب روپے کی بچت ممکن ہو سکے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ شفافیت کو یقینی بنانے اور بین الاقوامی مسابقتی عمل کو مؤثر بنانے کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی گئی، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔

اویس لغاری کے مطابق سنگل فیز اسمارٹ میٹر کی قیمت میں تقریباً 7 ہزار روپے کی کمی ہوئی ہے، جس سے نہ صرف بجلی تقسیم کار کمپنیوں بلکہ عام صارفین کو بھی براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ بہتر پالیسی سازی کے باعث پاکستان انجینئرنگ کونسل (PEC) کے ریگولیشنز میں مثبت تبدیلیاں کی گئیں، جس سے بین الاقوامی کمپنیوں کو مسابقتی عمل میں بھرپور شرکت کا موقع ملا اور غیر ضروری رکاوٹیں ختم ہوئیں۔

وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ نئے اسمارٹ میٹرز کی کم قیمتوں کا فائدہ بالآخر بجلی صارفین تک منتقل ہوگا اور اس مد میں صارفین کو بھی اربوں روپے کی بچت حاصل ہو گی۔