106

رونالڈو فاسٹ اینڈ فیوریس کا حصہ بننے کو تیار؟ ون ڈیزل کا بڑا انکشاف

ہالی ووڈ اداکار ون ڈیزل نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ پرتگالی فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کے ہمراہ نظر آ رہے ہیں۔

تصویر کے ساتھ شیئر کیے گئے پیغام میں ون ڈیزل نے کہا کہ مداحوں کی جانب سے بارہا پوچھا جا رہا ہے کہ آیا رونالڈو ’فاسٹ اینڈ فیوریس‘ سیریز کا حصہ بننے جا رہے ہیں یا نہیں۔

ون ڈیزل کے مطابق وہ اس حوالے سے تصدیق کرتے ہیں کہ کرسٹیانو رونالڈو ایک خاص شخصیت ہیں اور فلم سازوں نے ان کے لیے ایک کردار بھی تحریر کر لیا ہے، تاہم اس کردار کی نوعیت سے متعلق کوئی تفصیل سامنے نہیں لائی گئی۔

دوسری جانب کرسٹیانو رونالڈو کی جانب سے اب تک اس حوالے سے کسی قسم کا باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، تاہم مداحوں کی بڑی تعداد انہیں ایکشن فلم سیریز میں دیکھنے کی خواہش کا اظہار کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ ’فاسٹ اینڈ فیوریس‘ سیریز کا آغاز 2001 میں ہوا تھا اور اب تک اس کی 10 فلمیں ریلیز ہو چکی ہیں، جبکہ 2023 میں ’فاسٹ ایکس‘ نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی۔ سیریز کی اگلی فلم ’فاسٹ ایکس: پارٹ ٹو‘ 2027 میں ریلیز کی جائے گی۔