59

گوگل ٹرانسلیٹ میں بیٹا فیچر، ہیڈفونز کے ذریعے حقیقی وقت میں ترجمہ ممکن

گوگل نے گوگل ٹرانسلیٹ ایپ کے لیے ایک بڑی اپ ڈیٹ متعارف کرائی ہے، جس کے تحت اب صارفین ہیڈفونز کے ذریعے بولی جانے والی زبان کا حقیقی وقت میں ترجمہ سن سکتے ہیں۔ کمپنی کے مطابق یہ فیچر گفتگو کرنے والے کی آواز کا انداز اور لہجہ برقرار رکھتا ہے، جس سے غیر ملکی زبانوں میں بات چیت، لیکچرز اور میڈیا مواد کو سمجھنا آسان ہو جائے گا۔

یہ نیا فیچر جمعرات 12 دسمبر 2025 کو بیٹا مرحلے میں جاری کیا گیا ہے، اور اس کے لیے صرف ایک اینڈرائیڈ فون اور گوگل ٹرانسلیٹ ایپ درکار ہے۔ اس فیچر کے ذریعے 70 سے زائد زبانوں میں ترجمہ فراہم کیا جائے گا۔

گوگل نے بتایا کہ ترجمے کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے کمپنی اپنے مصنوعی ذہانت (AI) ٹول "جیمنائی" کا استعمال کرے گی، خاص طور پر ان جملوں اور فقروں کے لیے جن کے معانی باریک یا پیچیدہ ہوتے ہیں۔

اس فیچر کے ذریعے روزمرہ رابطے میں زبان کی رکاوٹیں کم کی جا سکتی ہیں، جیسے کہ:

  • گفتگو کے دوران زبان کے فرق کو فوری طور پر دور کرنا

  • سفر کے دوران عوامی اعلانات کو سمجھنا

  • غیر ملکی زبانوں میں ٹی وی پروگرامز یا آن لائن مواد کو فالو کرنا

گوگل میں سرچ ورٹیکلز کے نائب صدر برائے پروڈکٹ مینجمنٹ، روز یاو نے کہا، "چاہے آپ کسی مختلف زبان میں بات کر رہے ہوں، کسی تقریر یا لیکچر کو سننا چاہتے ہوں، یا کسی فلم یا ٹی وی شو کا لطف اٹھانا چاہتے ہوں، بس ہیڈفون لگائیں، ٹرانسلیٹ ایپ کھولیں، ‘لائیو ٹرانسلیٹ’ پر ٹیپ کریں، اور اپنی پسندیدہ زبان میں حقیقی وقت کا ترجمہ سنیں۔"

یہ بیٹا فیچر اس وقت امریکا، میکسیکو اور بھارت میں دستیاب ہے، جبکہ 2026 میں اسے آئی او ایس اور مزید ممالک میں متعارف کرانے کا منصوبہ ہے۔

یہ اپ ڈیٹ اس سے قبل صرف پکسل بڈز پر دستیاب تھا، لیکن نئے بیٹا ورژن کے تحت اب کسی بھی قسم کے ہیڈفونز کو حقیقی وقت میں یک طرفہ ترجمے کا آلہ بنایا جا سکتا ہے۔