23

اسٹاک مارکیٹ نے نئی بلندی، پاکستان اسٹاک ایکسچینج پہلی بار 1،70،000 پوائنٹس عبور کر گئی

رواں ہفتہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے لیے یادگار ثابت ہوا، جب پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے پہلی بار ایک لاکھ ستر ہزار (170,000) پوائنٹس کا سنگِ میل عبور کر کے تاریخ کی بلند ترین سطح حاصل کر لی۔

ماہرین کے مطابق مارکیٹ کی اس مضبوط کارکردگی میں تین بڑی خبریں اہم کردار ادا کر رہی ہیں: آئی ایم ایف سے قسط کی ادائیگی، گردشی قرضہ ختم کرنے کے لیے سرکلر ڈیبٹ پلان کے تحت ادائیگیوں کا آغاز، اور ریکوڈک میں سوا ارب ڈالر کی امریکی سرمایہ کاری کی منظوری۔ ان تمام عوامل نے پورے ہفتے مارکیٹ پر مثبت اثر ڈالا، جس سے دس ہفتے بعد اسٹاک مارکیٹ نے بلند ترین سطح کا ریکارڈ توڑ دیا۔

ہنڈریڈ انڈیکس میں ہفتہ وار 1.7 فیصد یعنی 2,780 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جو پانچ کاروباری سیشن کے دوران 167,085 پوائنٹس سے بڑھ کر 169,864 پوائنٹس پر بند ہوا۔ ہنڈریڈ انڈیکس کی ہفتہ وار بلند ترین سطح 170,697 پوائنٹس اور کم ترین سطح 167,386 پوائنٹس رہی۔

اس دوران اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر 5 ارب 27 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے، جن کی مالیت 248 ارب روپے ریکارڈ کی گئی۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں بھی ہفتہ وار 282 ارب روپے کا اضافہ ہوا اور یہ بڑھ کر 19,321 ارب روپے ہو گئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کی اس نمایاں بہتری سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور اسٹاک مارکیٹ آئندہ ہفتوں میں بھی مضبوط پوزیشن برقرار رکھنے کی توقع ہے۔