ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس میں پراسکیوشن کے مزید دو گواہان کے بیانات ریکارڈ کر لیے ہیں۔ کیس کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ کی عدالت میں ہوئی، جس میں سرکاری وکیل راجہ نوید حسین پیش ہوئے۔
وکلاء صفائی کی جانب سے آج گواہان پر جرح نہیں ہو سکی۔ عدالت نے ملزم عمر حیات پر ناجائز اسلحہ کیس میں بھی فردِ جرم عائد کر دی۔ کیس میں مجموعی طور پر 16 گواہان کے بیانات ریکارڈ ہو چکے ہیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ رواں سال 2 جون کو اسلام آباد میں 17 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر ثنا یوسف کو ان کے گھر میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ پولیس نے ان کے قتل کا مقدمہ والدہ فرزانہ یوسف کی مدعیت میں سمبل پولیس اسٹیشن میں دفعہ 302 کے تحت درج کیا اور ملزم عمر حیات کو گرفتار کیا تھا۔
17 سالہ ثنا یوسف اپنی سوشل میڈیا سرگرمیوں کے لیے مشہور تھیں، ان کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر تقریباً 8 لاکھ فالوورز اور انسٹاگرام پر تقریباً 5 لاکھ فالوورز موجود تھے۔









