اٹلی کے مشہور لگژری فیشن برانڈ پراڈا نے کولہا پوری چپل کا لمیٹڈ ایڈیشن لانچ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ایک جوڑی کی قیمت تقریباً 930 امریکی ڈالر (تقریباً 2 لاکھ 60 ہزار پاکستانی روپے) رکھی گئی ہے۔
یہ اعلان پراڈا نے کرناٹکا اور مہاراشٹرا کی انڈین لیڈر ڈیویلپمنٹ کارپوریشنز کے ساتھ MOU پر دستخط کرنے کے بعد کیا۔ کمپنی کے مطابق نئی چپل میں بھارتی ہنرکاری اور اطالوی ٹیکنالوجی کا بہترین امتزاج شامل کیا جائے گا۔
پراڈا کے ہیڈ آف کارپوریٹ رسپانسبلیٹی لورینزو برٹیلی نے کہا کہ یہ کلیکشن اصل چپل ساز کے معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی جائے گی تاکہ لگژری اور اصلیت کا حسین امتزاج سامنے آئے۔
کمپنی نے اعلان کیا کہ فروری 2026 سے پراڈا کے دنیا بھر میں موجود 40 اسٹورز اور آن لائن پلیٹ فارمز پر یہ چپل فروخت کے لیے دستیاب ہوں گی۔ مہاراشٹرا اور کرناٹکا میں دو ہزار جوڑیاں تیار کی جائیں گی۔
یہ قدم بھارتی ہنرکاری کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور اطالوی فیشن ٹیکنالوجی کے امتزاج کو دنیا کے سامنے لانے کے لیے ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔









