154

جمائمہ گولڈسمتھ نے ایلون مسک سے عمران خان کے حوالے سے پوسٹس کی رکاوٹ ختم کرنے کی اپیل کر دی

پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ گولڈسمتھ نے جمعہ کو عوامی سطح پر ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے سربراہ ایلون مسک سے اپیل کی ہے کہ عمران خان کے حوالے سے ان کی پوسٹس کو محدود اور چھپایا جا رہا ہے۔

جمائمہ گولڈسمتھ کا کہنا ہے کہ عمران خان کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک اور قانونی مشکلات کی معلومات عوام تک نہیں پہنچ رہیں۔ انہوں نے مسک سے درخواست کی کہ ان کے اکاؤنٹ پر جو رکاوٹیں ہیں، انہیں ختم کیا جائے۔

اپنی پوسٹ میں جمائمہ نے بتایا کہ ان کے دونوں بیٹے اپنے والد سے ملاقات یا بات نہیں کر پا رہے، جو اقوامِ متحدہ کے مطابق گزشتہ 22 ماہ سے غیر قانونی قیدِ تنہائی میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایکس ہی وہ واحد پلیٹ فارم ہے جہاں وہ دنیا کو بتا سکتی ہیں کہ عمران خان ایک سیاسی قیدی ہیں، مگر ہر پوسٹ کی پہنچ تقریباً صفر تک محدود کر دی جاتی ہے۔

جمائمہ نے لکھا، ”آپ نے آزادانہ اظہار رائے کا وعدہ کیا تھا، نہ کہ ‘بولیں لیکن کوئی نہ سنے’۔“

یہ بیانات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب عمران خان کی صحت اور حالات کے بارے میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے اور خاندان کے افراد کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کے حامی بھی ان کے حالات پر وضاحت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

گذشتہ سال جولائی میں اقوامِ متحدہ کے ماہرین نے بھی پاکستان کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی قید بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے اور بظاہر ان کی حراست سیاسی مقصد کے لیے کی گئی ہے۔