80

کلکتہ میں لیونل میسی کی آمد پر بدنظمی، اسٹار کھلاڑی صرف 10 منٹ میں روانہ

ارجنٹینا کے فٹ بال اسٹار لیونل میسی کلکتہ کے ویویکانند یووا اسٹیڈیم پہنچے، لیکن بدانتظامی اور ہنگامی صورتحال کے سبب انہیں صرف دس منٹ بعد اسٹیڈیم چھوڑنا پڑا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق میسی اپنے گوٹ ٹور (Goat Tour) کے لیے کلکتہ آئے، جہاں مداحوں کی بڑی تعداد انہیں دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم پہنچی۔ تاہم سخت پروٹوکول اور سیکیورٹی کے باعث مداح مشتعل ہو گئے اور پوسٹر ہورڈنگز توڑ ڈالیں، بوتلیں پھینکیں اور احتجاج شروع کر دیا، جس کے بعد صورتحال تیزی سے بگڑ گئی۔

بدانتظامی کے بعد اسٹار فٹ بالر لیونل میسی اور دیگر مشہور شخصیات کو فوری طور پر اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا گیا۔ کئی فینز، جو گھنٹوں انتظار کے بعد میسی کو دیکھنے آئے تھے، مایوس رہ گئے اور انہیں اسٹار کی صحیح جھلک دیکھنے کا موقع نہیں ملا۔

اسٹیڈیم کے اندر ہونے والے ڈرامائی مناظر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے۔ واضح رہے کہ 2011 کے بعد یہ میسی کا پہلا بھارت کا دورہ ہے، اور اس سے قبل انہوں نے اسی اسٹیڈیم میں ارجنٹینا اور وینزویلا کے درمیان دوستانہ میچ کھیلا تھا، جس میں ارجنٹینا نے ایک صفر سے فتح حاصل کی تھی۔