161

پیراشوٹ حادثے کی خوفناک ویڈیو سامنے، ڈائیور ہوا میں لٹکا رہا

آسٹریلوی ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو کی رپورٹ کے مطابق ایک پیراشوٹ ڈائیور کی زندگی بال بال بچ گئی جب اس کا ریزرو پیراشوٹ طیارے کے پروں میں پھنس گیا اور وہ ہزاروں فٹ کی بلندی پر ہوا میں لٹک گیا۔

حادثہ 20 ستمبر کو ریاست کوئنزلینڈ میں پیش آیا، جب سیسنا 208 طیارے سے 16 ڈائیورز چھلانگ کی تیاری کر رہے تھے۔ رپورٹ میں کسی ڈائیور کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

تحقیقات کے دوران کیمرہ فوٹیج سے معلوم ہوا کہ جیسے ہی پہلا ڈائیور چھلانگ لگا رہا تھا، اس کا ریزرو پیراشوٹ طیارے کے بائیں پر کے فلیپ میں پھنس گیا اور اچانک کھل گیا، جس سے وہ ایک اور ڈائیور سے ٹکرا کر طیارے کی دم کے اسٹیبلائزر پر جا پھنسا۔

تقریباً 15 ہزار فٹ کی بلندی پر لٹکنے کے دوران پائلٹ نے طیارے کو مستحکم رکھنے کی کوشش کی۔ اس دوران باقی 13 ڈائیورز نے اس کے پاس سے محفوظ چھلانگ لگائی۔ بعد میں لٹکے ہوئے ڈائیور نے آزاد ہو کر چھلانگ لگائی اور سب محفوظ رہے۔

پائلٹ ابتدا میں صورتحال سے لاعلم تھے، مگر ایمرجنسی پیراشوٹ پہن کر اور دیگر ڈائیورز کے نکلنے کے بعد طیارہ بحفاظت زمین پر اتار لیا گیا۔