71

واٹس ایپ صارفین کے لیے نئے فیچرز کا اعلان، مسڈ کال نوٹس اور میڈیا ٹیب شامل

میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کے لیے متعدد نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کی بلاگ پوسٹ کے مطابق ان میں سب سے اہم نیا مسڈ کال میسجز فیچر ہے، جو روایتی وائس میل کا متبادل ثابت ہوگا۔

اس فیچر کے تحت صارفین کسی کال کے دوران نوٹ ریکارڈ کر سکیں گے جب کال موصول کرنے والا دستیاب نہ ہو۔ کال کی نوعیت کے مطابق صارف وائس یا ویڈیو نوٹ ریکارڈ کر کے بھیج سکتے ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ فیچر وائس میلز کو ماضی کی بات بنا دے گا۔

مزید براں، صارفین اب وائس چیٹ کے دوران نئے ری ایکشنز کے ذریعے ردعمل ظاہر کر سکیں گے بغیر چیٹ کو متاثر کیے۔ واٹس ایپ نے وائس کالز میں اسپیکر کی کارکردگی کو بھی بہتر بنایا ہے۔

واٹس ایپ کے میٹا اے آئی فیچر میں اب تصاویر کو تیار کرنے، انیمیٹ یا متحرک کرنے کی صلاحیت شامل کی جا رہی ہے، جس سے صارفین کسی بھی تصویر کو مختصر ویڈیو میں تبدیل کر سکیں گے۔ اس کا انحصار صارف کی تحریری ہدایات اور میسجز پر ہوگا۔

ڈیسک ٹاپ ایپ میں نئی میڈیا ٹیب متعارف کرائی گئی ہے تاکہ ڈاکومنٹس، لنکس اور چیٹس میں موجود میڈیا فائلز کو آسانی سے ڈھونڈا جا سکے۔ علاوہ ازیں، لنک پریویو بہتر کیا گیا ہے اور اسٹیٹس میں نئے انٹرا ایکٹیو اسٹیکرز، میوزک لیرکس، اور سوالات شامل کیے گئے ہیں، جن پر کانٹیکٹس ردعمل ظاہر کر سکیں گے۔

واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ یہ اپ ڈیٹس صارفین کے لیے رابطوں، میڈیا اور اسٹیکرز کے تجربے کو مزید بہتر اور انٹرایکٹیو بنائیں گی۔