36

ممبئی: 79 سالہ خاتون لاپتہ، جی پی ایس لاکٹ کی مدد سے اسپتال میں بازیاب

بھارت کے شہر ممبئی میں 79 سالہ سائرہ بی تاج الدین شام کی سیر کے دوران اچانک لاپتہ ہو گئیں، جس پر اہلِ خانہ شدید خوفزدہ ہو گئے۔ تاہم ان کے لاکٹ میں نصب جی پی ایس ٹریکر نے فیصلہ کن کردار ادا کیا اور انہیں اسپتال میں تلاش کر لیا گیا۔

حکام کے مطابق سیوری علاقے میں سائرہ بی کو ایک موٹر سائیکل نے ٹکر مار دی، جس کے بعد راہگیروں نے فوری طور پر انہیں میونسپل اسپتال منتقل کیا۔ جب وہ گھر واپس نہ آئیں، تو ان کے پوتے محمد وسیم ایوب نے لاکٹ میں نصب جی پی ایس ڈیوائس فعال کی، جس نے خاتون کی موجودہ لوکیشن اسپتال بتائی، جو سیوری سے تقریباً 5 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع تھی۔

اہلِ خانہ فوراً اسپتال پہنچے، جہاں معلوم ہوا کہ خاتون کو سر پر چوٹ آئی ہے۔ بعد ازاں انہیں مزید علاج کے لیے دوسرے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔