آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 سے قبل فل ممبر ٹیموں کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا، اور اس سے قبل کسی فل ممبر کی مزید سیریز کا امکان ختم ہو گیا ہے۔
پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل مجموعی طور پر 6 میچز کھیلے گی، جن میں جنوری میں 3 میچز سری لنکا میں اور 3 ہوم گراؤنڈ پر آسٹریلیا کے خلاف ہوں گے۔ دوسری جانب افغانستان، بنگلہ دیش، آئرلینڈ اور زمبابوے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل کوئی میچ نہیں کھیلیں گے۔
آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے ہیں، جبکہ انگلینڈ جنوری میں سری لنکا میں 3 میچز کھیلے گا۔ بھارت کی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیل رہی ہے اور جنوری میں نیوزی لینڈ کے ساتھ 5 میچز کی ہوم سیریز بھی ہوگی، جبکہ جنوبی افریقہ بھارت میں 3 میچز کے لیے سیریز کھیلے گا۔ ویسٹ انڈیز ٹیم 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی۔
دسمبر اور جنوری میں بھارتی ٹیم سب سے زیادہ 10 میچز کھیلے گی، جنوبی افریقہ 8 میچز، پاکستان 6 میچز، سری لنکن ٹیم 6 ہوم میچز، اور نیوزی لینڈ 5 میچز کھیلیں گے۔ آسٹریلیا، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کو 3-3 میچز کی سہولت دی گئی ہے۔









