امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پینسلوینیا میں انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران اپنی وائٹ ہاؤس پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ کی ظاہری تعریفیں کرتے ہوئے ایسا بیان دیا جس نے امریکی میڈیا میں نئی بحث چھیڑ دی۔ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں 28 سالہ لیویٹ کو ’’خوبصورت چہرہ‘‘ اور ’’مشین گن کی طرح نہ رکنے والے ہونٹ‘‘ قرار دیا۔
اقتصادی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے اچانک لیویٹ کا ذکر چھیڑا اور مجمع سے پوچھا، ’’کیا کیرولین زبردست نہیں؟‘‘ جس پر شرکاء نے تالیاں بجائیں۔ اس کے بعد انہوں نے لیویٹ کی ٹی وی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’’جب وہ فاکس پر آتی ہیں تو وہ خوبصورت چہرہ اور وہ ہونٹ… جو رکنے کا نام نہیں لیتے، بالکل مشین گن کی طرح…‘‘
صدر ٹرمپ نے کہا کہ لیویٹ بےخوف ہیں کیونکہ ان کی ٹیم ایسی پالیسیوں کا دفاع کرتی ہے جن پر انہیں فخر ہے، ’’انہیں ان مسائل کا دفاع نہیں کرنا پڑتا جیسے مردوں کا خواتین کے اسپورٹس میں حصہ لینا یا اوپن بارڈر پالیسی۔‘‘
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ اس سے قبل بھی نیوز میکس کے ایک انٹرویو میں لیویٹ کے بارے میں اسی طرح کے جملے استعمال کر چکے ہیں، جہاں انہوں نے کہا تھا کہ ’’یہ چہرہ، یہ دماغ، یہ ہونٹ… یہ ایسے چلتے ہیں جیسے مشین گن ہو۔‘‘
ٹرمپ نے اپنی تقریر میں دعویٰ کیا کہ ان سے بہتر پریس سیکریٹری کسی صدر کے پاس نہیں رہی۔
کیرولین لیویٹ ٹرمپ کی پہلی انتظامیہ میں 2019 سے 2021 تک اسسٹنٹ پریس سیکریٹری رہ چکی ہیں۔ بعد میں کانگریس کے انتخاب میں ناکامی کے بعد وہ 2025 میں دوبارہ وائٹ ہاؤس آئیں اور امریکی تاریخ کی کم عمر ترین پریس سیکریٹری بن گئیں۔ وہ ٹرمپ کے دوسرے دورِ صدارت کی پہلی پریس سیکریٹری ہیں۔
لیویٹ شادی شدہ ہیں اور ایک بیٹے کی والدہ بھی ہیں۔









